کوئٹہ: بلوچستان پولیس اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے درمیان جدید ڈیجیٹل شناختی و بائیومیٹرک سروسز کے حصول اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ایک اہم معاہدے پر باضابطہ دستخط کر دیے گئے۔ یہ معاہدہ آج جمعہ کےروز سنٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں طے پایا، اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر، ڈی جی نادرا سہیل جہانگیر ،ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزاد اکبر، ایڈیشنل آئی جی ایڈمن جاوید مہر، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز و اسپیشل برانچ طاہر علاﺅالدین، ڈی آئی جی ٹیلی وزیرخان ناصر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔اس معاہدے کے تحت نادرا بلوچستان پولیس کو جدید ملٹی بائیومیٹرک ویری فکیشن سسٹم (MBVS)، نادرا فارنزک ایکوزیشن ایپلی کیشن (NFAA) اور پاک آئی ڈی انٹرپرائز یوزر (PakID Enterprise User) کی سہولیات فراہم کرے گا۔ پولیس اور نادرا کے مابین معاہدے کےتحت پولیس خدمت مرکز (PKM) کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر پاک آئی ڈی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے شہریوں کی بائیومیٹرک تصدیق، شناختی کارڈز اور ڈیجیٹل شناختی دستاویزات کی جانچ پڑتال اور مجاز پولیس اہلکاروں کے لیے جدید شناختی تصدیقی سہولیات میسر آئیں گی۔ اس اقدام سے شناختی تصدیق کے عمل کو مزید موثر، مستند اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنانے میں مدد ملے گی، جبکہ عوام کو فراہم کی جانے والی پولیس خدمات کے معیار میں بھی بہتری آئے گی۔جبکہ نادرا فارنزک ایکوزیشن ایپلی کیشن (NFAA) کے ذریعے فنگر پرنٹس اور چہرے کی شناخت پر مبنی جدید فارنزک میچنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جس کے نتائج ایک محفوظ رابطہ نظام کے ذریعے سنٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں قائم مخصوص پورٹل پر دستیاب ہوں گے۔ یہ سہولت جرائم کی تفتیش، مشتبہ افراد کی شناخت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافے کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔ معاہدے میں شہریوں کے کوائف کے تحفظ، رازداری اور مجاز استعمال کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ سکیورٹی ضوابط کی پابندی بھی شامل ہے۔یہ اسٹریٹجک شراکت داری بلوچستان میں ڈیجیٹل پولیسنگ کے فروغ، جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال اور ادارہ جاتی استعدادِ کار میں اضافے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ بلوچستان پولیس اور نادرا مابین یہ تعاون صوبے میں محفوظ، موثر، شفاف اور عوام دوست پولیسنگ کے قیام کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔

