ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ کویت، بحرین، اردن اور عراق میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب فورس کا کہنا ہے کہ اردن کے کیمپ تیتن میں امریکی بحریہ کے اڈے کو نشانہ بنایا ہے، کیمپ تیتن پر بیلسٹک میزائلوں کے حملے میں متعدد امریکی فوجی ہلاک ہوئے۔
پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ کیمپ تیتن حملے میں کئی امریکی ہیلی کاپٹر بھی تباہ ہوئے جبکہ اردن میں پرنس حسن ایئر بیس میں کھڑے امریکی ڈرونز کو نشانہ بنایا ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ پرنس حسن ایئر بیس پر امریکی پائلٹ اور تکنیکی عملہ ہلاک ہوا ہے۔
ایران نے بحرین میں بھی امریکی اڈے کو ڈرون سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ بحرین کا کہنا ہے کہ ایرانی ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب اردن کا کہنا ہے کہ اس کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے 13 میں سے 10 بیلسٹک میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا جبکہ 3 میزائل آبادی سے دور گرے۔
امریکی حکام کے مطابق اردن میں ایرانی حملے میں امریکیوں کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

