امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے تیل سے امریکا کے تیل کے ذخائر کو بھرنے کا اعلان کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں امریکی صدر نے لکھا کہ وینزویلا کے تیل سے امریکا اپنے تیل ذخائر میں ہونے والی کمی کو پورا کرے گا، وینزویلا کے تیل سے تیل کے اسٹریٹجک قومی ذخائر کو دوبارہ بھرا جائے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکی تیل کے ذخائر بائیڈن دور حکومت میں خالی ہوئے، امریکی تیل ذخائر دوبارہ بھرنے کا عمل بہت جلد شروع ہو جائے گا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا ایران جنگ کے بعد سے عالمی سطح پر تیل فراہمی بری طرح متاثر ہوئی ہے، امریکی محکمہ توانائی کے مطابق پیٹرولیم ذخائر 44 سال کی کم ترین سطح پر آ گئے ہیں۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چند روز قبل وینزویلا کے ساتھ دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا تیل کا معاہدہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت امریکا نے وینزویلا کے 65 ارب بیرل سے زائد ثابت شدہ تیل کے ذخائر پر اکثریتی کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ یہ تاریخی معاہدہ امریکا کے تیل کے ذخائر کو دوگنا سے بھی زیادہ کر دے گا، تیل کی رسد میں نمایاں اضافہ کرے گا اور مستقبل میں امریکی شہریوں کے لیے پیٹرول کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا باعث بنے گا۔

