ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ دنیا میں امن اور استحکام قائم کرنا ہے تو یہ ہمارے خطے ہی سے ابھرے گا۔
تہران میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری قوت اور عزم سے کھڑی قوم کو ہتھیار ڈالنے پر کوئی بھی مجبور نہیں کرسکتا۔
ایرانی صدر نے کہا کہ ہم نے جنگ شروع نہیں کی اور نہ ہی ہم جنگ کے خواہاں ہیں لیکن کسی بھی جارح کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور ایران دھمکیوں کے سامنے سر نہیں جھکائےگا۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے نئے علاقائی معاہدوں کو ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا ہے، جس میں ہمسایہ مسلم ممالک اپنی سلامتی کے لیے بیرونی طاقتوں پر انحصار کرنےکے بجائے اپنی صلاحیتوں پر بھروسا کریں گے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ہفتہ وحدت کے موقع پر جاری کیےگئے اپنے پیغام میں باقر قالیباف نےکہا کہ حالیہ علاقائی حالات نے ثابت کر دیا ہےکہ بیرونی طاقتیں مسلم ممالک کو دیرپا سکیورٹی فراہم نہیں کر سکتیں۔ علاقائی سلامتی کی بنیاد مسلم ممالک کی اپنی مرضی، باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں پر ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزیدکہا کہ حالیہ واقعات نے مسلم اتحادکے فوائد بھی واضح کر دیے ہیں۔مسلمانوں کے درمیان تعاون نے دشمن کو شکست دینے اور بالادستی قائم کرنے کی کوششوں کو پیچھے دھکیلنے میں مدد دی ہے۔

