استحکام پاکستان پارٹی کے صدر و وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سیاستدان ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے نئے صوبوں کی "اونرشپ” لیں، اپنی چوہدراہٹ‘ بچانے کے بجائے عوام کے مسائل کا سوچنا ہوگا۔
اپنے بیان میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ عوام ملک بھر میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کی تشکیل چاہتے ہیں، خیبرپختونخوا اسمبلی میں 2010 سے ہزارہ صوبے کیلئے آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خوشی ہے خیبرپختونخوا کی اہم سیاسی جماعتیں ہزارہ صوبے کا قیام چاہتی ہیں، استحکام پاکستان پارٹی ہزارہ صوبے کے مطالبے کے ساتھ ہے، پنجاب اور سندھ میں بھی نئے صوبوں کیلئے آوازیں بلند ہو رہی ہیں، جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبے کے قیام کی بھی حمایت کرتے ہیں۔
صدر آئی پی پی کا کہنا تھاکہ یہ قومی مسئلہ ہے، نئے صوبوں کو مصلحت یاسیاست کی بھینٹ نہیں چڑھنا چاہیے، دیکھا جائے تو چاروں صوبوں کو چار چار انتظامی یونٹس میں تقسیم کرنے میں کوئی حرج نہیں، کوئی شک نہیں کہ موجودہ حالات ملک بھر میں نئے ’ورکنگ آرڈر‘ کے متقاضی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی ہر فورم پر نئے صوبوں کی تشکیل کیلئے آواز اٹھاتی رہے گی، سیاستدان ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے نئے صوبوں کی "اونرشپ” لیں، اپنی "چوہدراہٹ” بچانے کے بجائے عوام کے مسائل کا سوچنا ہو گا۔

