مچھ (نمائندہ خصوصی): تحصیل مچھ، ضلع کچھی کے عوام، طلبہ و طالبات اور تعلیمی حلقوں نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود سے مطالبہ کیا ہے کہ تحصیل مچھ کو ریجنل آفس ڈیرہ مراد جمالی کے دائرہ اختیار سے نکال کر ریجنل کیمپس کوئٹہ کے دائرہ اختیار میں شامل کیا جائے تاکہ طلبہ کو درپیش سفری اور انتظامی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
اس سلسلے میں وائس چانسلر کے نام ایک اجتماعی درخواست ارسال کی گئی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مچھ بلوچستان کا ایک اہم تاریخی اور معدنیاتی علاقہ ہے جہاں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں طلبہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے وابستہ ہیں۔ تاہم موجودہ انتظامی تقسیم کے باعث انہیں معمولی نوعیت کے تعلیمی و انتظامی امور کے لیے 220 کلومیٹر سے زائد دور ڈیرہ مراد جمالی جانا پڑتا ہے، جس سے وقت، اخراجات اور مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے۔
مچھ سے کوئٹہ کا فاصلہ تقریباً 55 کلومیٹر ہے اور عوام کی روزانہ بنیادوں پر کوئٹہ آمدورفت معمول کا حصہ ہے، جبکہ ڈیرہ مراد جمالی تک سفر طویل، مہنگا اور سکیورٹی کے حوالے سے بھی مشکلات کا باعث بنتا ہے۔ اس صورتحال کے باعث کئی طلبہ اوپن یونیورسٹی میں داخلہ لینے سے بھی گریز کرتے ہیں۔
مچھ کو ریجنل کیمپس کوئٹہ کے دائرہ اختیار میں شامل کرنے سے طلبہ کو آسان رسائی، کم سفری اخراجات، وقت کی بچت اور بہتر تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی، جس سے علاقے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور یونیورسٹی میں داخلوں کی شرح میں بھی اضافہ ہوگا۔
اس مطالبے کی حمایت میں ڈپٹی کمشنر ضلع کچھی اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ضلع کچھی کی سفارشات بھی منسلک کی گئی ہیں۔ عوام اور طلبہ نے وائس چانسلر سے اپیل کی ہے کہ عوامی مفاد اور تعلیمی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے تحصیل مچھ کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل کیمپس کوئٹہ کے دائرہ اختیار میں شامل کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

