پاکستان نے کشمیر اور فلسطین کے حل طلب تنازعات کو عالمی امن کیلئے خطرہ قرار دے دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کےمطابق پاکستان اورچین کی میزبانی میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایریا فارمولا اجلاس ہوا،جس میں سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مؤثر، غیر جانبدارانہ اور بروقت عملدرآمد کو یقینی بنانے کے طریقہ کار پر غور کیا گیا۔
ترجمان دفترخارجہ کےمطابق اجلاس میں اقوام متحدہ کےاسسٹنٹ سیکریٹری جنرل خالدخیاری اور انٹرنیشنل کرائسس گروپ کےرچرڈگوان نے بریفنگ دی،اجلاس میں رکن ممالک نےپاکستان اورچین کی جانب سے اس اہم موضوع پر بحث کے انعقاد کا خیر مقدم کیا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اپنے خطاب میں کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادیں محض سفارشات نہیں بلکہ بین الاقوامی قانونی ذمہ داریاں ہیں،قراردادوں پر طویل عرصے تک عملدرآمد نہ ہونا سلامتی کونسل کی ساکھ کو متاثرکرتا ہے اور تنازعات کو مزید طول دیتا ہے۔
عاصم افتخار نےمقبوضہ کشمیر اورفلسطین کے حل طلب تنازعات کو عالمی امن وسلامتی کے لیے سنگین خطرہ قراردیتےہوئےکہاکہ ان معاملات پرسلامتی کونسل کی قراردادوں پرعمل نہ ہونےکےباعث انسانی المیےجنم لے رہے ہیں اور خطے میں عدم استحکام بڑھ رہا ہے۔
اجلاس میں رکن ممالک نے چین اور پاکستان کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے مستقل سفارت کاری، باقاعدہ جائزے ، مؤثر نگرانی کی ضرورت پر زور دیا۔

