کوئٹہ: وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کوئٹہ میں شٹل ٹرین کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ دہشت گردی قرار دیا ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق کوئٹہ کینٹ سے آنے والی شٹل ٹرین چمن پھاٹک کے قریب دھماکے کی زد میں آئی، جس کے نتیجے میں انجن سمیت تین کوچز پٹری سے اتر گئیں جبکہ دو کوچز الٹ گئیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا، جبکہ امدادی کارروائیوں کے لیے ریسکیو ٹرک اور ریلیف ٹرین بھی جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئی ہیں۔
محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ایسے دہشت گرد حملے قومی عزم کو کمزور نہیں کر سکتے اور دہشت گرد انسانیت اور ملک کے دشمن ہیں، جنہیں عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ بھارت اور افغانستان میں موجود پاکستان دشمن عناصر دہشت گردی کی سرپرستی کر رہے ہیں اور دشمن قوتیں پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے لیے مذموم کارروائیوں میں ملوث ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اور افغانستان سے چلنے والے دہشت گرد نیٹ ورکس کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔
وزیرِ ریلوے نے واضح کیا کہ پاکستان ریلوے کی آپریشنل سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہیں گی، جبکہ انتظامیہ کو واقعے کی فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔

