اسلام آباد میں کیپٹل مارکیٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے معاہدے کی دستخط کی تقریب جاری ہے، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شریک ہیں۔
چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ کیپٹل مارکیٹ کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے اور سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھانے اور آگاہی کے لیے بڑا اقدام کیا گیا ہے، ایس ای سی پی اور مارکیٹ اداروں کا مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل دیا گیا ہے۔
چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر سدھو نے کہا کہ پاکستان میں کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی شرح ایک فیصد سے بھی کم ہے، پاکستان میں اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا رجحان انتہائی محدود ہے۔
ایس ای سی پی کا بڑا ہدف ہے کہ سرمایہ کاروں کی تعداد 25 لاکھ تک بڑھائی جائے، سرمایہ کاروں کی تعداد میں اضافے کے لیے جامع حکمت عملی تشکیل دی گئی ہے اور نوجوانوں اور نئے سرمایہ کاروں کو مارکیٹ میں لانے کے اقدامات تیز کیے گئے ہیں۔
کیپٹل مارکیٹ کے فروغ کے لیے آگاہی مہم اور اصلاحات جاری ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں اور عوام کو مارکیٹ کی جانب راغب کرنا ہوگا۔
ایس ای سی پی کی توجہ مالیاتی شمولیت اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے پر مرکوز ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قیادت خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے متحرک ہے اور علاقائی کشیدگی کے پیش نظر محتاط حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔
حکومت کی توجہ کرنٹ اکاؤنٹ اور مالی خسارے پر مرکوز ہے اور معاشی اشاریوں میں مسلسل بہتری آ رہی ہے، مشکل حالات کے باوجود معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور معاشی ترقی کے لیے کیپٹل مارکیٹ کا کردار نہایت اہم ہے۔
چیلنجز کے باوجود پاکستان اسٹاک مارکیٹ مستحکم رہی، علاقائی کشیدگی ہمارے لیے اہم سبق ہے اور توانائی کے متبادل ذرائع کی جانب فوری منتقلی ناگزیر ہے، اپنی ضروریات کے لیے خود انحصاری وقت کی اہم ضرورت ہے اور کمرشل فیصلے آزادانہ اور قومی مفاد میں کرنے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی وسائل سے سرمایہ اکٹھا کرنے پر مکمل توجہ دی جا رہی ہے اور خود انحصاری ہی معاشی استحکام کا اصل راستہ ہے، اسٹاک اور کیپٹل مارکیٹ خود انحصاری کے لیے اہم ذریعہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کے لیے مقامی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہوگا اور سرمایہ کاروں کو اپنے ملک میں سرمایہ لگانے کی ترغیب دینا ہوگی، قومی معیشت کے استحکام کے لیے داخلی وسائل پر انحصار ضروری ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی آگاہی اور سہولت کے لیے ایس ای سی پی کا کردار نہایت اہم ہے اور انویسٹر ایجوکیشن اور آسانی پیدا کرنا ایس ای سی پی کی اولین ترجیح ہے، ایس ای سی پی میں قانونی اصلاحات کی ضرورت ہے اور حکومت مکمل تعاون کرے گی، ریگولیٹری اصلاحات کے لیے حکومت کی مکمل سپورٹ کا اعلان کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ جنریشن زی کو متحرک کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور نوجوانوں کو سرمایہ کاری کی طرف لانا قومی ترجیح ہے، جن زی مستقبل ہے، انہیں تیار اور بااختیار بنانا ہوگا، نوجوان سرمایہ کاروں کے لیے مواقع اور آگاہی بڑھانے پر زور دیا گیا اور مالی شمولیت کے فروغ میں نوجوانوں کا کردار کلیدی قرار دیا گیا، نئی نسل کو کیپٹل مارکیٹ کا حصہ بنانا ہوگا۔

