پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر سینیٹر سردار عمر گورگیج نے پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے درمیان ڈھائی، ڈھائی سالہ معاہدے کی تصدیق کر دی ہے۔
سردار عمر گورگیج کے مطابق حکومت سازی کے دوران دونوں جماعتوں کے درمیان وزارتِ اعلیٰ کی تقسیم کا باقاعدہ معاہدہ طے پایا تھا، جسے اعلیٰ قیادت کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس معاہدے پر عملدرآمد کا اختیار صدر مملکت آصف علی زرداری کے پاس ہے۔ ان کے بقول صدر مملکت نے واضح کیا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ کی تبدیلی ان کی صوابدید پر منحصر ہوگی اگر وہ چاہیں گے تو تبدیلی عمل میں آئے گی، بصورت دیگر نہیں۔
ذرائع کے مطابق سینیٹر عمر گورگیج نے یہ گفتگو ایک نجی نشست کے دوران خصوصی طور پر کی، جس میں بلوچستان کی موجودہ سیاسی صورتحال اور حکومتی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا

