میر مرتضیٰ بھٹو کے صاحبزادے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کا کہنا ہےکہ میں منافق نہیں ہوں کہ جن کو قاتل کہوں اور پھر ان سے مل جاؤں، ہمارے پاس محنتی لوگ ہیں اگر وقت آیا تو الیکشن لڑیں گے۔
حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو میں ذوالفقار بھٹو جونیئرکا کہنا تھا کہ سندھ پولیس میں چند لوگ ہیں جو عوام کے لیے کام کرتے ہیں، باقی سب امیروں کے لیےکرتے ہیں، ہمارے خاندان کا کیس تاحال حل نہیں ہوا ہم انصاف کے لیے گھوم رہے ہیں۔
ذوالفقار بھٹو جونیئرکا کہنا تھا کہ الیکشن لڑنےکے لیے ہمارے پاس وسائل نہیں جس طرح پیپلز پارٹی کے پاس ہیں، ہم نے ذوالفقار علی بھٹو رابطہ کمیٹی بنائی ہے، میں باقی سیاست دانوں کی طرح منافق نہیں ہوں، میں کسی کے ساتھ شمولیت اختیار نہیں کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ پیر پگارا میرے والد کے قریبی دوست رہےہیں میں ان کو سپورٹ کروں گا، الیکشن کے وقت الائنس بن جائے تو کوئی مسئلہ نہیں لیکن ہم کسی پارٹی میں شمولیت نہیں کریں گے۔

