انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے گزشتہ روز دہشت گردوں کے حملے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ریڈ زون، پولیس تھانہ سریاب، پولیس تھانہ نیو سریاب، پولیس ٹریننگ کالج اور اسمارٹ پولیس اسٹیشن منظور ترین شہید کا تفصیلی معائنہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
بعد ازاں آئی جی پولیس نے اینٹی ٹیررزم فورس (اے ٹی ایف) ہیڈکوارٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے افسران و جوانوں سے ملاقات کی اور انہیں درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس نے افسران و جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کو سراہا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان پولیس کا کردار قابلِ تحسین ہے۔
انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان پولیس ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور صوبے میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

