اسلام آبا د:ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہہم نے ٹیرف کے نفاذ کو نوٹ کیا ہے، معاملے کو دیکھ رہے ہیں، وزیر اعظم نے اس بابت ایک کمیٹی بنائی ہے،امریکی ٹیرف ترقی پذیر ممالک پر اثرانداز ہو رہا ہے، معاملے کو حل کرنا چاہیے، تعلیمی ویزوں کی معطلی کے حوالے سے امریکا کے ساتھ رابطے میں ہیں، امریکا کی جانب سے بگرام میں ائیر بیس قائم کرنے کا معاملہ سوشل میڈیا کی افواہیں ہیں،پاکستان ہمیشہ مشکل وقت میں اپنے افغان بہنوں بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہا، تاہم اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانا ہماری پالیسی ہے،ہم غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی واپسی پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ترجمان دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کیا۔ شفقت علی خان نے کہا کہ امریکا ہماری ایک بڑی برآمدی منزل ہے، امریکا کی جانب سے تیز رفتار ٹیرف تبدیلیاں دیکھ رہے ہیں، اس معاملے پر وزیراعظم نے بھی ایک اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کی ہے،ترجمان نے کہا کہ امریکا میں تعلیمی ویزوں کی معطلی کے حوالے سے امریکا کے ساتھ رابطے میں ہیں، امریکا کی جانب سے حال ہی میں ختم کیا گیا یوگریڈ پروگرام پاکستان طالب علموں کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا تھا۔شفقت علی خان نے افغا نستان سے دہشت گرد حملوں سے متعلق کہا افغانستان میں چھوڑے گئے جدید امریکی ہتھیار ہماری سکیورٹی فورسز پر حملوں میں استعمال ہو رہے ہیں، یہ معاملہ بارہا امریکا کے ساتھ اٹھایا ہے، نائب وزیراعظم کے امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ حالیہ ٹیلیفونک گفتگو میں بھی یہ بات زیربحث آئی۔انہوں نے کہا پاکستان کے افغانستان کے ساتھ اہم تعلقات ہیں، حال ہی میں نمائندہ خصوصی کا دورہ کابل کافی اہم رہا، متعدد موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مشکل وقت میں اپنے افغان بہنوں بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہا، تاہم اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانا ہماری پالیسی ہے،ہم غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی واپسی پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔شفقت علی خان نے مزید کہا کہ خارجہ پالیسی وفاق کا معاملہ ہے، صوبائی حکومت کے افغانستان سے مذاکرات کے ٹی او آرز کا معاملہ افغان ڈیسک سے چیک کریں گے۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے بگرام میں ائیر بیس قائم کرنے کا معاملہ سوشل میڈیا کی افواہیں ہیں تاہم یہ افغانستان اور امریکا کی حکومتوں کا آپسی معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستانی شہریوں پر ویزا پابندی عائد نہیں کی جبکہ سعودی عرب نے 14 ممالک کے لیے ویزوں پر عارضی پابندی عائد کی ہے، ہم اس حوالے سے معلومات اکھٹے کررہے ہیں، سعودی عرب کے ساتھ اس حوالے سے رابطے میں ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ برطانیہ سے پاکستان لائے جانے والے قیدی کی سماجی تقریبات میں شرکت کی اطلاعات کو دیکھیں گے، تہور رانا پر ہمارا ریکارڈ کہتا ہے کہ انہوں نے گزشتہ دو برس سے پاکستانی شہریت کی تجدید نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ ایران ہمارا ایک اہم ہمسایہ اور قریبی دوست ہے، ہمارے تعلقات انتہائی اہم ہیں،جے سی پی او ایک پیچیدہ مسئلے کے حل کی عمدہ مثال ہے، ہم تمام مسائل کے بات چیت کے زریعہ حل کے خواہشمند ہیں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ چین پاکستان کا تزویراتی اور قریبی شراکت دار ہے، چینی شہریوں کا تحفظ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔ برطانیہ سے پاکستان لائے جانے والے قیدی کی سماجی تقریبات میں شرکت کی اطلاعات کو دیکھیں گے۔ ، طہور رانا پر ہمارا ریکارڈ کہتا ہے کہ انہوں نے گذشتہ دو برس سے پاکستانی شہریت کی تجدید نہیں کی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف بیلاروس کا دورہ کررہے ہیں۔ صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی دعوت پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف بیلاروس کے سرکاری دور ے پر ہیں۔ وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز بھی بیلاروس کا دورہ کرینگے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اعلی سطح کے وفد میں دیگر وزرا اور اعلی حکام بھی شامل ہیں، یہ دورہ نومبر 2024 میں صدر لوکاشینکو کے پاکستان کے اہم دورے کے بعد ہوا ہے، اپنے قیام کے دوران وزیراعظم باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے صدر لوکاشینکو سے بات چیت کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان پچھلے چھ مہینوں کے دوران، اعلی سطحی دوطرفہ مصروفیات کا سلسلہ ہے، جس میں فروری 2025 میں مشترکہ وزارتی کمیشن کا 8 واں اجلاس اور اپریل 2025 میں ایک اعلی طاقت والے مخلوط وزارتی وفد کا بیلاروس کا اس کے بعد کا دورہ ہے۔انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ دونوں فریق تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے متعدد معاہدوں پر دستخط کریں گے، وزیراعظم کا دورہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مضبوط اور جاری شراکت داری کو اجاگر کرتا ہے ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ نے سعودی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک گفتگو کی، وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، دنوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ وزیر خارجہ نے رواں ہفتے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ٹیلیفونک گفتگو کی، فریقین نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا، وزیر خارجہ نے آزر بائیجان کے وزیر اقتصادی امور سے ملاقات کی۔ان کا کہنا تھا کہ ازر بائیجان کے صدر کے ہونے والے دورہ کے موقع پر معاہدے متوقع ہیں، سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ عمان کے دورے پر ہیں، سیکریٹری خارجہ دو طرفہ سیاسی مشاورت میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی، میانمار کے زلزلے متاثرین کے لیے 35 ٹن امدادی سامان بھیجا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا بھارت میں وقف قوانین وہاں مسلمانوں کا بنیادی حق ہے، بھارت میں وقف املاک قوانین میں تبدیلی مسلمانوں کو دیوار کے ساتھ لگانے کی کوشش ہے، بھارتی اقدامات امتیازی سلوک اور اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔