کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاءاللہ لانگو نے نوشکی کے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میں فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے 24 گھنٹوں کے اندر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے، جبکہ رخشان ڈویژن کے تمام تعلیمی اداروں، بالخصوص گرلز کالجز کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔وزیر داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نوشکی کے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میں فائرنگ کے واقعے کے نتیجے میں تین طالبات زخمی ہوئیں جبکہ کالج کی املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ میر ضیاءاللہ لانگو نے واقعے کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی موثر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ طالبات اور تدریسی عملے کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

