کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و چیف آف بنگلزئی سردار نور احمد بنگلزئی نے خان آف قلات کے فرزند شہزادہ محمد احمد زئی کے حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خیریت، سلامتی اور بحفاظت واپسی کے لیے فوری اور مثر اقدامات کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔سردار نور احمد بنگلزئی نے اپنے ایک جاری کردہ اہم بیان میں کہا کہ خان آف قلات خاندان بلوچستان کی تاریخ، قبائلی روایات اور اجتماعی شناخت میں ایک نہایت ممتاز و نمایاں مقام رکھتا ہے۔ بلوچ قبائلی معاشرے میں عزت و وقار، رواداری، باہمی احترام اور انسانی حرمت کو ہمیشہ بنیادی اہمیت حاصل رہی ہے، جبکہ ہماری درخشندہ قبائلی روایات ہمیں مشکل حالات میں بھی ذمہ داری، بردباری اور اعلی اخلاقی قدروں کا مظاہرہ کرنے کا درس دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہزادہ محمد احمد زئی کے حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں۔ متعلقہ حکام، ضلعی انتظامیہ قلات اور تمام ذمہ دار ادارے اس معاملے کی حساسیت کو سمجھتے ہوئے فوری اور سنجیدہ اقدامات کریں تاکہ ان کی صحیح خیریت معلوم ہو سکے اور ان کی جلد از جلد بحفاظت واپسی ممکن بنائی جا سکے۔سردار نور احمد بنگلزئی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کا قبائلی اور معاشرتی ساخت اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ باہمی احترام، رواداری اور انسانیت کے رشتوں کو ہر چیز پر مقدم رکھا جائے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے اس معاملے پر بلا تاخیر توجہ دیتے ہوئے مثبت پیش رفت کریں گے اور شہزادہ محمد احمد زئی کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے اپنا مثر و فعال کردار ادا کریں گے۔

