کوئٹہ:
غربت، مہنگائی ، بڑھتی ہوئی معاشی مشکلات اور چائلڈ لیبر قوانین پر عمل نہ ہونے کے باعث تقریباً 60 فیصد سے زائد بچے تعلیم سے محروم ہوکر محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔
صوبائی دارالحکومت میں ہزاروں کم عمر بچے اسکول جانے اور کھیلنے کودنے کی عمر میں گیراجوں، ورکشاپوں، ہوٹلوں، دکانوں اور دیگر کاروباری مراکز میں کام کرکے اپنے اور اپنے خاندانوں کی کفالت میں حصہ لے رہے ہیں۔
کوئٹہ کے مختلف علاقوں، مصروف شاہراہوں اور بازاروں میں کم سن بچوں کی بڑی تعداد محنت مزدوری کرتی نظر آتی ہے۔ کوئی گاڑیوں کی ورکشاپ میں اوزار اٹھائے کام کر رہا ہے، کوئی ہوٹل میں برتن دھونے میں مصروف ہے، جبکہ بعض بچے دکانوں اور گوداموں میں کام کرنے کے علاوہ سڑکوں اور بازاروں سے کچرا چن کر روزگار کمانے کی کوشش کرتے ہیں۔
بلوچستان حکومت کی جانب سے اسکولوں سے باہر بچوں کو تعلیمی اداروں میں داخل کرانے کے لیے داخلہ مہم بھی شروع کی گئی تھی، تاہم عدم توجہی کے باوجود بڑی تعداد میں بچے آج بھی تعلیم سے محروم ہیں اور معاشی مجبوریوں کے باعث کم عمری میں ہی محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔
محنت مزدوری کرنے والے بچوں نے بتایا کہ وہ بھی دوسرے بچوں کی طرح اسکول جانا، تعلیم حاصل کرنا اور اپنا مستقبل سنوارنا چاہتے ہیں، تاہم گھر کے معاشی حالات اور غربت انہیں کام کرنے پر مجبور کرتی ہے۔
بچوں کا کہنا تھا کہ اگر انہیں تعلیم کے مواقع اور مالی معاونت فراہم کی جائے تو وہ بھی اپنی تعلیم جاری رکھ سکتے ہیں۔
کوئٹہ کے سماجی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے کہا ہے کہ چائلڈ لیبر صرف غربت کا مسئلہ نہیں بلکہ بچوں کے بنیادی حقوق، تعلیم اور محفوظ مستقبل سے بھی جڑا ہوا معاملہ ہے۔ بچوں سے مشقت کی روک تھام کے لیے قوانین موجود ہیں، تاہم ان پر مؤثر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث صورتحال میں خاطر خواہ بہتری نہیں آ سکی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسکولوں سے باہر بچوں کی باقاعدہ نشاندہی کرکے انہیں فوری طور پر تعلیمی اداروں میں داخل کرایا جائے، غریب اور مستحق خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کی نگرانی اور قوانین پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

