پیر, اکتوبر 19, 2026
ہوماہم خبریںبلوچستان کی خبریںبریسٹ کینسر کے خلاف جنگ میں آگاہی اور بروقت تشخیص بنیادی اہمیت...

بریسٹ کینسر کے خلاف جنگ میں آگاہی اور بروقت تشخیص بنیادی اہمیت رکھتی ہے،خواتین کی صحت کا تحفظ حکومت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے،سرفراز بگٹی

کوئٹہ:وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بریسٹ کینسر سے آگاہی کے ماہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بریسٹ کینسر کے خلاف موثر جدوجہد کے لیے عوامی آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج کی سہولیات تک رسائی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی صحت کا تحفظ حکومت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے موثر آگاہی مہمات اور طبی سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔وزیراعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص سے علاج کے امکانات بہتر ہو سکتے ہیں، اس لیے خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنی صحت کو ترجیح دیں اور جسم میں کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کی صورت میں مستند معالج سے فوری طبی مشورہ حاصل کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ بیماری کی علامات کو نظر انداز کرنے کے بجائے بروقت طبی معائنہ اور مناسب علاج کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بریسٹ کینسر سے متعلق خوف، غلط فہمیوں اور سماجی جھجک کو ختم کرنے کے لیے موثر آگاہی مہمات چلانا ضروری ہے تاکہ خواتین بلاخوف اپنی صحت کے مسائل پر بات کر سکیں اور بروقت طبی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔وزیراعلی بلوچستان نے اس امر پر بھی زور دیا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں رہنے والی خواتین تک بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی، اسکریننگ اور علاج کی سہولیات کی رسائی بہتر بنائی جائے تاکہ تمام خواتین کو بروقت تشخیص اور علاج کے یکساں مواقع میسر آ سکیں۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بریسٹ کینسر سے متاثرہ خواتین کو خوف اور تنہائی کا شکار ہونے کے بجائے حوصلہ، ہمدردی اور بھرپور سماجی تعاون فراہم کیا جانا چاہیے۔ اس سلسلے میں خاندانوں، طبی ماہرین، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج تک رسائی خواتین کے لیے امید اور بہتر مستقبل کی بنیاد ہیں۔ حکومت بلوچستان خواتین کی صحت کے تحفظ اور بریسٹ کینسر سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے

error: Content is protected !!