وزیراعظم نے نوجوانوں خصوصاً خواتین اور بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے ہنرمند نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع بڑھانے پر خصوصی توجہ کی ہدایت کردی۔
نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر عملدرآمد سے متعلق جائزہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے مربوط اور مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے ہنرمند اور باصلاحیت نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ملک کی پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اجراء حکومت کی مخلصانہ کاوشوں کا عکاس ہے۔
وزیراعظم نے پالیسی پر عملدرآمد کیلئے بین الوزارتی تعاون اور جامع حکمت عملی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے نوجوانوں بالخصوص خواتین کو روزگار کے نئے مواقع سے جوڑنے کیلئے انہیں ہنرمند بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر کے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

