بلوچستان میں کل سے اب تک درمیانے درجے کے 5 زلزلے ریکارڈ کیے گئے ہیں جبکہ آج صبح بارکھان اور قریبی علاقوں میں 5.2 شدت کا زلزلہ بھی ریکارڈ ہوا تھا۔
محکمۂ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر لغاری کے مطابق بلوچستان اور خیبر پختون خوا یوریشین ٹیکٹونک پلیٹ پر واقع ہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا ہے کہ یہ زلزلے اسی پلیٹ کی اوپری سطح پر آ رہے ہیں اور یہ عالمی زلزلوں کا اثر ہے۔
ان کے مطابق وینزویلا میں آنے والے زلزلے کے بعد پیدا ہونے والی توانائی کی لہریں منسلک پلیٹوں پر زلزلوں کا سبب بن رہی ہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ نے مزید کہا کہ 2000ء سے 2011ء کے دوران انڈونیشیا میں آنے والے بڑے زلزلوں کے بعد کشمیر میں تباہ کن زلزلہ آیا تھا۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق زمین میں پیدا ہونے والی توانائی کی لہروں کے ختم ہونے تک مزید زلزلے آ سکتے ہیں تاہم سائنسی طور پر زلزلے کے درست وقت اور حتمی شدت کی پیش گوئی کرنا ناممکن ہے۔

