خضدار: بااثر افراد کے مبینہ تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین اور بچے انصاف کے حصول کے لیے خضدار پریس کلب پہنچ گئے۔
اس موقع پر ایک متاثرہ بچی نے روتے ہوئے فریاد کی کہ وہ اسکول نہیں جا سکتی، اس کے امتحانات قریب ہیں اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ بچی نے سوال اٹھایا کہ "کہاں ہیں آپ لوگوں کی روایات اور کہاں ہے انصاف؟”
متاثرہ خواتین کا کہنا تھا کہ بچوں پر تشدد کیا گیا، تاہم جب وہ شکایت درج کرانے سٹی تھانے پہنچیں تو انہیں مبینہ طور پر تھانے سے نکال دیا گیا، جبکہ الٹا ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی۔
متاثرین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

