کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران صوبائی وزیر علی مدد جتک نے کہا کہ یہ بلوچستان کی واحد حکومت ہے جس نے اسلام آباد جا کر صوبے کا مقدمہ مؤثر انداز میں پیش کیا اور صوبے کے حقوق کے لیے بھرپور آواز اٹھائی۔
انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری اور ترقی دیکھنے میں آ رہی ہے، جبکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
علی مدد جتک نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں حکومت اور اپوزیشن، دونوں کے حلقوں کو یکساں طور پر ترقیاتی منصوبے دیے گئے ہیں تاکہ صوبے کے تمام علاقوں میں متوازن ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بعض عناصر، جن میں بی ایل اے سمیت دیگر گروہ شامل ہیں، بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی نہیں چاہتے، تاہم حکومت ایسے عناصر سے مرعوب ہونے کے بجائے ان کا بھرپور مقابلہ کرے گی اور صوبے میں امن و ترقی کے عمل کو جاری رکھے گی۔

