بدھ, مئی 13, 2026
ہوماہم خبریںبلوچستان کی خبریںوزیر اعلیٰ بلوچستان کی ایشیائی ترقیاتی بینک وفد سے ملاقات، آبی، زرعی...

وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ایشیائی ترقیاتی بینک وفد سے ملاقات، آبی، زرعی اور ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری پر اتفاق

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر ژیاؤچن ایما فین نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں، سرمایہ کاری کے مواقع اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران آبی وسائل، زراعت، منرلز اینڈ مائنز، تعلیم، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، اسکلز ڈویلپمنٹ اور روزگار کے قابل عمل منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے کچھی کینال سمیت بلوچستان کے آبی و زرعی ترقیاتی منصوبوں میں وسیع المدتی سرمایہ کاری اور مالی معاونت میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ دونوں جانب سے ترقیاتی شعبوں میں اشتراکی حکمت عملی اپنانے پر اتفاق بھی کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ترقیاتی عمل میں عالمی اور قومی ڈویلپمنٹ پارٹنرز کو خوش آمدید کہتے ہیں اور بلوچستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے قابل عمل اور منافع بخش شعبوں میں کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محدود ترقیاتی وسائل کے باوجود عوامی ضروریات کے مطابق ترقیاتی حکمت عملی پر عمل درآمد اور پسماندگی کا خاتمہ ایک بڑا چیلنج ہے، تاہم بلوچستان حکومت عوامی مفاد پر مشتمل دیرپا ترقیاتی ترجیحات کا تعین کرکے آگے بڑھ رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ بلوچستان کی پائیدار ترقی کے لیے دس سالہ جامع پلان مرتب کر لیا گیا ہے، جبکہ صوبے کو سرمایہ کاری کے لیے محفوظ اور پرکشش خطہ بنایا جا رہا ہے۔

میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور سیکیورٹی فراہم کرے گی اور صوبہ میگا منصوبوں کے تحفظ و تکمیل کی مکمل استعداد رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں اور نئے مواقعوں کو عملی جامہ پہنایا جائے گا، جبکہ تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کے تحت 3200 بند اسکول دوبارہ کھول دیے گئے ہیں اور 2100 نئے کمیونٹی بیسڈ اسکول بھی قائم کیے گئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ اب حکومت کی توجہ معیاری تعلیم اور جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی پر مرکوز ہے، جبکہ گڈ گورننس اور میرٹ کے فروغ کے لیے اصلاحاتی اقدامات بھی جاری ہیں۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے