کوئٹہ: بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس نجم الدین مینگل پر مشتمل ڈویژن بنچ نے پیر 4 مئی 2026 کو آئینی درخواستوں پر سماعت کی۔
یہ درخواستیں امان اللہ کنرانی ایڈوکیٹ اور نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کی جانب سے دائر کی گئی تھیں۔
عدالت نے سماعت کے دوران عبوری حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے محکمہ مواصلات و تعمیرات کو بلوچستان اسمبلی کی عمارت کو منہدم کرنے سے متعلق مجوزہ ٹینڈر نوٹس کھولنے سے روک دیا۔
عدالتی حکم کے مطابق 7 مئی 2026 کو کھولے جانے والے ٹینڈر کو آئندہ سماعت تک مؤخر کر دیا گیا ہے۔
سماعت کے دوران امان اللہ کنرانی نے اپنی پیروی خود کی، جبکہ نوابزادہ لشکری رئیسانی کی جانب سے محمد ریاض احمد پیش ہوئے۔ حکومت بلوچستان کی نمائندگی ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شہیک بلوچ نے کی۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 11 مئی 2026 تک ملتوی کر دی ہے۔

