جمعہ, مارچ 6, 2026
ہوماہم خبریںبین الاقوامی خبریںخلیج میں میزائل خطرے کی گھنٹی، دبئی میں موبائل فونز پر ایمرجنسی...

خلیج میں میزائل خطرے کی گھنٹی، دبئی میں موبائل فونز پر ایمرجنسی الرٹ جاری

متحدہ عرب امارات میں ممکنہ میزائل خطرے کے پیش نظر حکام نے دبئی میں ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے اور شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی کے مختلف علاقوں میں رہنے والے شہریوں کے موبائل فونز پر ہنگامی پیغام بھیجا گیا جس میں کہا گیا کہ موجودہ صورتحال کے باعث ممکنہ میزائل خطرہ موجود ہے، اس لیے عوام فوراً قریبی محفوظ عمارت میں پناہ لیں اور کھلی جگہوں، کھڑکیوں اور دروازوں سے دور رہیں۔

وزارت داخلہ کے مطابق شہریوں کو مزید سرکاری ہدایات جاری ہونے تک محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

حکام نے واضح کیا کہ یہ الرٹ احتیاطی تدبیر کے طور پر جاری کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں عوام کو محفوظ رکھا جا سکے۔

حکام نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ بعض افراد ہنگامی الرٹ کے بعد ویڈیوز بنانے یا سوشل میڈیا پر مواد شیئر کرنے کے لیے گھروں سے باہر نکل آئے۔

وزارت داخلہ نے خبردار کیا کہ ایسے اقدامات نہ صرف خطرناک ہیں بلکہ سرکاری حفاظتی ہدایات کی خلاف ورزی قانونی جرم بھی بن سکتی ہے۔

وزارت داخلہ نے ڈرائیورز کو ہدایت کی کہ اگر دورانِ ڈرائیونگ ہنگامی الرٹ موصول ہو تو وہ اچانک گاڑی نہ روکیں اور نہ ہی ہائی وے پر گاڑی سے باہر نکلیں بلکہ منزل تک پہنچ کر قریب ترین محفوظ عمارت میں پناہ لیں۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صورتحال سے متعلق معلومات صرف سرکاری ذرائع سے حاصل کریں اور حکومتی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے