کوئٹہ کھمبوں پر لگے بجلی کے میٹرز شہریوں کے لیے خطرہ، عدالت سے رجوع
کوئٹہ میں واپڈا اور کیسکو کی ناقص کارکردگی کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں گھروں، دکانوں اور مارکیٹوں سے بجلی کے میٹرز اتار کر کھمبوں پر لگا دیے گئے ہیں، جہاں ایک کھمبے پر 20 سے زائد میٹرز نصب ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کھمبوں پر لگے میٹرز تیز چلتے ہیں، جس سے بھاری بل آتے ہیں، جبکہ بارش میں یہ صورتحال جان لیوا بن جاتی ہے۔ بارش کے دوران کیسکو فیڈرز بند کر دیتا ہے، جس سے طویل لوڈشیڈنگ ہوتی ہے، اور کھمبوں سے کرنٹ لگنے کے کئی واقعات بھی ہو چکے ہیں۔
متعدد شکایات کے باوجود شنوائی نہ ہونے پر معروف وکیل سید نذیر آغا ایڈووکیٹ نے بلوچستان ہائی کورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی ہے۔ درخواست "عباس علی بنام چیف ایگزیکٹو واپڈا” کے عنوان سے دائر کی گئی ہے، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام میٹرز فوری طور پر کھمبوں سے ہٹا کر صارفین کے گھروں میں دوبارہ نصب کیے جائیں۔
سید نذیر آغا نے ان شہریوں سے جنہیں جانی یا مالی نقصان ہوا ہے، شواہد کے ساتھ رابطے کی اپیل کی ہے تاکہ عدالت میں ان کا مؤقف پیش کیا جا سکے۔ کیس کی سماعت آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔

