تہران ،تل ابیب:اسرائیلی فوج کی جارحیت کا سلسلہ جاری، ایران کے مغربی، مشرقی اور وسطی علاقوں میں واقع کم از کم 6 ہوائی اڈوں پر فضائی حملوں کا دعوی کیا ہے جبکہ ایرانی فوج صوبہ لورستان میں جدید اسرائیلی ڈرون مار گرایا، ایرانی صوبہ کرمانشاہ کے شہر ہمیل میں ایک اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک ایرانی ماں اور اس کا چھ سالہ بیٹا شہید ہوگئے،ایران کی جانب سے بھی اسرائیل پر تازہ حملہ کیا گیا ہے، اسرائیلی ڈیفنس فورس نے دعوی کیا ہے کہ تہران کی جانب سے داغے گئے میزائل کو تباہ کردیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ الجزیرہ کے مطابق ایکس پر جاری کردہ بیان میں اسرائیل نے کہا کہ ان حملوں میں ریموٹ کنٹرول طیاروں کے ذریعے ایران کے 15 طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کو تباہ کیا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان حملوں میں رن ویز، زیرِ زمین بنکرز، ایک ایندھن بھرنے والا طیارہ اور ایرانی حکومت کے زیرِ استعمال ایف-14، ایف-5 اور اے ایچ ون طیاروں کو نقصان پہنچا ہے۔اسرائیلی فوج نے دعوی کیا کہ فضائیہ نے ان ہوائی اڈوں سے پرواز کی صلاحیت اور ایرانی فوج کی فضائی طاقت کے آپریشن کو متاثر کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیل نے تہران کے جنوب مشرقی علاقے پرچین میںپیر کی صبح بڑے فوجی کمپلیکس پرچین پر حملہ کیا ہے، یہ فوجی کمپلیکس ایران کے حساس دفاعی اور میزائل پروگراموں سے وابستہ سمجھا جاتا ہے۔
اسرائیلی فضائی حملے ایران کے جنوب مشرقی علاقے پرچین میں کیے گئے ہیں ۔اطلاعات کے مطابق تہران کے مغرب میں واقع شہر کرج میں بھی ایران کا فضائی دفاعی نظام فعال ہو چکا ہے، اس علاقے میں یورینیم افزودگی کے سینٹری فیوجز کے پرزے تیار کیے جاتے ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق مرکزی تہران میں بھی فضائی دفاعی نظام کو فعال کر دیا گیا ہے، جہاں دشمن اہداف کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ادھر ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ پریس ٹی وی اور فارس نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ صوبہ کرمانشاہ کے شہر ہمیل میں ایک اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک ایرانی ماں اور اس کا چھ سالہ بیٹا شہید ہوگئے۔رپورٹس کے مطابق اس حملے میں ایک ٹرک اور ایک مسافر کار کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں بچے کے والد اور ایک اور بچہ زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔کرمانشاہ کے مقامی حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندان مقامی شہری تھا، اور یہ حملہ رہائشی علاقے کے قریب کیا گیا۔دوسری جانب، ایرانی میڈیا نے پیر کی صبح ایرانی فوج کی جانب سے مار گرائے جانے والے اسرائیل کے جدید ہرمس 900 ڈرون کی فوٹیج نشر کی ہے۔لورستان نیوز نے ٹیلیگرام پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ یہ ڈرون پاسداران انقلاب کے اہلکاروں نے صوبہ لورستان کے شہر خرمآباد میں ایک کارروائی کے دوران مار گرایا۔ دریں اثنا ایران کی جانب سے اسرائیل پر تازہ حملہ کیا گیا ہے، اسرائیلی ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) کی جانب سے دعوی کیا گیا ہے کہ تہران کی جانب سے داغے گئے میزائل کو تباہ کردیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق اسرائیلی ڈیفنس فورس نی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نے مرکزی اسرائیل کی جانب ایک میزائل فائر کیا جسے اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے تباہ کر دیا۔حکام کا کہنا ہے کہ تہران کی جانب سے میزائل فائر ہوتے ہی اسرائیل بھر میں سائرن بجائے گئے اور شہریوں کو پناہ گاہوں میں جانے کی ہدایت کردی گئی تھی۔اسرائیلی فوج کے مطابق ایران کی جانب سے داغے گئے میزائل کے بعد فضائی دفاعی نظام متحرک کردئیے گئے ہیں اور اس واقعے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔