کوئٹہ:نیشنل پارٹی کے وفد کی مرکزی ترجمان علی احمد لانگو کی قیادت میں ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے علامتی احتجاجی کیمپ آمد۔وفد میں عبدالخالق بلوچ۔چیئرمین منصور بلوچ۔میران بلوچ۔ڈاکٹر طارق بلوچ۔عبدالغنی بلوچ۔مختیار بلوچ۔کریم بلوچ شامل تھے۔ایکشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالغفار لانگو نے نیشنل پارٹی کے وفد کوسرکاری اشتہارات کو BPPRAپر منتقل کرنے۔اخبار مارکیٹ کے مسائل بارے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں صنعتی زون نہ ہونے کے باعث اخبارات و جرائد حکومت کی جانب سے جاری ہونے ہونیوالے پرانحصار کرتے ہیں اگر حکومت کی جانب سے ایسی پالیسی اپنائی گئی تو پرنٹ میڈیا بند ہوجائے گا۔صوبے کی واحداخباری صنعت سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے جبکہ دوسری جانب گزشتہ 8 برس سے اخبار مارکیٹ کے فنڈز جاری نہیں کئے جارہے جسکی وجہ سے اخبار مارکیٹ بھی مسائل سے دوچار ہوچکی ہے۔چیئرمین ایکشن کمیٹی نے مزید بتایا کہ فوری اور جلد مسائل کے حل کیلئے وزیر اطلاعات کا تقرر ہونا چاہئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان علی احمد لانگو کا کہنا تھا کہ نیشنل پارٹی ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے مطالبات کی حمایت کرتی ہے کیونکہ ہماری پارٹی اصولی موقف رکھتی ہے کہ مقامی اخبارات،جرائد اور اخبار فروشوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ اشتہارات کو کم کرنا یا ان پر مختلف اداروں کی صورت میں قدغن لگانا درست عمل نہیں،اخباری صنعت کو تحفظ فراہم کرنا صوبائی حکومت اور وزارت اطلاعات کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے علامتی احتجاجی کیمپ کے شرکاء کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کی واحد صنعت کیلئے اسمبلی کے فلور سمیت ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔ دریں اثناء ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا علامتی احتجاجی کیمپ جاری رہا جس میں اخبارات و جرائد کے مدیران کی بڑی تعداد شریک تھی۔