ترجمان دفتر خارجہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ آزاد کشمیر کے عوام مکمل شہری و سیاسی حقوق سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، آزاد کشمیر کےعوام اپنےجمہوری مستقبل کی تشکیل میں بھرپورحصہ لے رہے ہیں، پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی عزت نفس کے تحفظ اورحقوق کی پاسداری کیلئے پرعزم ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے پُرامن احتجاج کےحق کے احترام کے ساتھ کشمیریوں کی سماجی و معاشی ترقی یقینی بنانے کا عزم اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ عزم پاکستان کی آئینی ذمہ داری ہے اور کشمیری عوام کے حوالے سے دیرینہ اخلاقی فریضہ بھی ہے،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا ثبوت ہیں، آبادی کے تناسب میں تبدیلی اور شہری آزادیوں سے انکار اس صورتحال کو مزید سنگین بنا رہا ہے، بھارت عالمی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے مطابق کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقوق کا احترام کرے، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا واحد راستہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ہے۔