خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک ٹرک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال احمد فیضی نے ڈان کو بتایا کہ ’ دانہ سر درندہ کے علاقے میں ٹرک کے بریک فیل ہونے سے حادثہ پیش آیا، جس کے باعث 11 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے‘۔
انہوں نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں 5 خواتین، ایک بچہ اور ایک مرد شامل ہے جبکہ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ٹرک بلوچستان کے علاقے خانوزئی سے آ رہا تھا، 7 لاشوں کو ریسکیو 1122 کی ٹیم اور 4 کو مقامی افراد نے ہسپتال منتقل کیا، انہوں نے مزید بتایا کہ جاں بحق افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کے پبلک ریلیشنز آفیسر ( پی آر او) یعقوب خان نے ایک بیان میں کہا کہ ’پولیس لاشوں کی شناخت کے لیے رپورٹ مرتب کر رہی ہے اور انہیں ورثا کے حوالے کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں‘۔
پاکستان میں ہائی ویز اور موٹرویز پر حادثات عام ہیں جن کی وجوہات میں لاپروائی سے ڈرائیونگ، تیز رفتاری، ڈرائیور کی تھکن، گاڑیوں کی ناقص دیکھ بھال اور سڑکوں کی خراب حالت شامل ہے، ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کا فقدان بھی صورتحال کو مزید خراب کرتا ہے۔
11 ستمبر کو مانسہرہ میں ایک جیپ کھائی میں گرنے سے 2 خواتین جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے تھے، جبکہ 9 ستمبر کو ہری پور میں ہزارہ موٹروے پر ٹریلر کی کار کو ٹکر کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
جولائی میں ڈیرہ اسماعیل خان کے چشمہ روڈ پر کار اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 5 افراد لقمہ اجل بنے تھے۔

