کوئٹہ: ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے زیراہتمام پرنٹ میڈیا کیلئے جاری ہونیوالے اشتہارات کو حکومت کی جانب سے BPPRA پر منتقل کرنے اور اخباری صنعت کو درپیش دیگر مسائل کے حوالے سے علامتی احتجاجی کیمپ جاری رہا۔ احتجاجی کیمپ میں اخبارات و جرائد اور صنعت سے وابستہ دیگر افراد نے شرکت کی۔ احتجاجی کیمپ کے شرکاء کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے اشتہارات کی منتقلی سے پوری صنعت پر منفی اثرات مرتب ہونگے بیروزگاری میں اضافے سمیت عوام کو مستند آگاہی کے ذرائع بھی بندش کا شکار ہونگے۔دیگر صوبوں کی نسبت بلوچستان میں فنڈزکی کمی کے باعث پہلے ہی صوبے کی واحد اخباری صنعت شدید مالی دباؤ کا شکار رہتی ہے جس کے باعث اشاعتی اداروں کو تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر سمیت دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
علامتی احتجاجی کیمپ کے شرکاء کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے بلوچستان کے پرنٹ میڈیا کی سر پرستی کی جائے کیونکہ صوبے کی واحد صنعت ہے جو وسیع پیمانے تعلیم یافتہ طبقے کو روزگار فراہم کررہی ہے۔ علامتی احتجاجی کیمپ میں شرکاء کی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا کہ 3 جون کو اخباری صنعت کے مطالبات کے حق میں بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔