بدھ, جون 25, 2025
ہوماہم خبریںپاکستان کی خبریںسوراب:حملے ملکی سلامتی و استحکام کے خلاف سازش ہیں، سینیٹر ثمینہ ممتاز...

سوراب:حملے ملکی سلامتی و استحکام کے خلاف سازش ہیں، سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

اسلام آباد /کوئٹہ:چیئرپرسن سینٹ قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بلوچستان کے ضلع سوراب میں ہونے والے دہشتگردی کے بزدلانہ اور انسانیت سوز واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے گھناؤنے حملے نہ صرف ملکی سلامتی و استحکام کے خلاف سازش ہیں بلکہ یہ ہمارے پرامن معاشرے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ناکام کوششیں ہیں۔اپنے مذمتی بیان میں سوراب میں دہشت گردوں کی جانب سے شہر کی سرکاری امارات، بینکوں کو لوٹنے اور جلانے اور معصوم شہریوں پر بزدلانہ حملوں میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلوچ کی شہادت پر اپنے شدید غم و غصے کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعات بھارتی ٹکڑوں پر پلنے والے چند مکروہ عناصر کی کارروائی ہے جو اپنے آقا کی ایماء پر بلوچستان کے امن وامان کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے معصوم بچوں اور خواتین کا بھی خیال نہیں کیا اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنا کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ ان کا دین، انسانیت اور کسی بھی اخلاقی قدر سے کوئی واسطہ نہیں۔ اس افسوسناک واقعے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلوچ کی شہادت انتہائی دل خراش اور قابل مذمت ہے۔ میری تمام تر ہمدردیاں بہادر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہید ہدایت اللہ بلوچ کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں اور میں اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ وہ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا فرمائے۔
سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ دشمن قوتیں بلوچستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں لیکن قوم اور سیکیورٹی ادارے ان کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ بلوچستان کے عوام وطن سے محبت کرنے والے، پرامن اور محب وطن ہیں، اور وہ ہر قسم کی دہشتگردی اور انتہا پسندی کو مسترد کرتے ہیں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے مزید کہا کہ سچے بلوچ اور بلوچستانی وطن سے محبت کرتے ہیں اورخضدار اور سوراب جیسے مکروہ واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ وقت پوری قوم کے متحد ہونے کا ہے۔ ہمیں افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ان تمام افراد پر فخر ہے جو اپنی جانیں قربان کر کے وطن عزیز کا دفاع کر رہے ہیں۔ دشمن چاہے اندرونی ہو یا بیرونی، ہم سب کو مل کر ان کا مقابلہ کرنا ہوگا۔آخر میں سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے عبرتناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو بھی معصوم جانوں سے کھیلنے کی جرات نہ ہو۔ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور عوام کا اعتماد بحال رکھا جائے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے واضح کیا کہ بلوچستان کے غیور اور محب وطن عوام دشمن اور اس کے ٹکڑوں پر پلنے والے چند ناپاک عناصر کی سازشوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ہم جلد ان ناپاک عناصر سے حساب لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہاں کی بلوچیت ہے کہ بچوں اور خواتین پر منظم حملے کئے جائیں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بزدل دشمن بھارت کے ہاتھوں میں کھلونا بنے ہوئے بلوچ حقوق کے نام پر دہشت گردی کرنے والے لوگ کبھی بھی بلوچستان یا بلوچ قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔ یہ لوگ صرف اور صرف بیرون ملک بیٹھے ہوئے ناکام اور بزدل بلوچ دشمن لیڈرز اور بھارت کے ایماء پر بلوچستان میں دہشت گردی کر رہے ہیں تاکہ دشمن اپنے مذموم مقاصد حاصل کر سکے۔ ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ دشمنوں کی پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی اور فتنہ الخوارج دہشت گرد اپنے منطقی انجام کو جلد پہنچیں گے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے عوام سے اپیل کی کہ دہشت گردی میں ملوث چند ناعاقبت اندیش لوگوں کے بہکاوے میں نہ آئیں اور اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں۔ بہت جلد ان مکروہ عناصر کو جہنم واصل کر کے صوبہ کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کر دیا جائے گا۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے