اوتھل:وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اوساکا ایکسپو 2025 میں "یونیورس ان اے گرین آف سالٹ” کے عنوان سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا، جس میں 43 سے زائد ملکی و غیر ملکی میڈیا اداروں نے شرکت کی۔ وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان کا قیمتی قدرتی اثاثہ گلابی نمک خوراک، علاج اور صنعت میں استعمال ہونے والی اعلی ترین قدرتی پراڈکٹ ہے، اور جاپان کو گلابی نمک کی برآمدات 3 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔جام کمال خان نے مزید بتایا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل، چمڑے، سرجیکل اور اسپورٹس مصنوعات دنیا بھر میں مقبول ہیں جبکہ پاکستانی نوجوان آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دنیا کا روشن مستقبل ہیں۔ انہوں نے جاپان، یوکے، امریکہ، چین، ترکی اور سعودی عرب کے پویلینز کا دورہ بھی کیا اور ایکسپو کے شرکا کو پاکستان نیشنل ڈے (14 اگست)میں شرکت کی دعوت دی۔پاکستان پویلین کو ایکسپو کے "کامنز-ڈی” زون میں سب سے زیادہ مقبول پویلینز میں شامل قرار دیا گیا ہے۔ وزیر تجارت نے کہا کہ گلابی نمک کی عالمی مارکیٹ میں توسیع اور ویلیو ایڈیشن حکومت پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہیں، اور پاکستان پویلین کو پائیداری، ثقافت اور قدرتی وسائل کا حسین امتزاج قرار دیا گیا ہے۔