کوئٹہ:جمعیت علمااسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ اور مسجد کو سیل کرنے، گاڑی چوری کرنے اور مولانا اسجد محمود کی گرفتاری کو بدترین آمریت، ریاستی جبر اور جمہوری اقدار کی پامالی قرار دیتے ہوئے ان اقدامات کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے اپنے خصوصی نمائندے کے ذریعے صوبہ بھر کے جماعتی ذمہ داران اور کارکنوں کو خصوصی پیغام دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ صوبائی و ضلعی شوری کے ارکان، امرا، نظما، ذیلی تنظیموں کے ذمہ داران، تحصیل و یونٹ کی سطح کے عہدیداران اور تمام کارکن اپنے باہمی رابطوں کو فوری طور پر مزید مضبوط اور فعال بنائیں، تنظیمی ڈھانچے کو مستحکم رکھیں اور ہر سطح پر باہمی مشاورت اور رابطے کا مثر نظام برقرار رکھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر تمام جماعتی ذمہ داران اور کارکن ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر منظم، متحد اور تیار رہیں، جماعتی صفوں میں نظم و ضبط، اتحاد اور استقامت برقرار رکھیں اور مرکزی قیادت کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات اور آئندہ لائحہ عمل کا انتظار کریں۔ صوبائی امیر نے تاکید کی کہ مرکزی قیادت کی ہدایات موصول ہونے پر ان پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام دبا، گرفتاریوں اور غیر آئینی اقدامات سے مرعوب ہونے والی جماعت نہیں، ہماری جدوجہد آئین کی بالادستی، جمہوری حقوق اور قانون کی حکمرانی کے لیے ہے اور ہر قسم کے حالات کا مقابلہ سیاسی بصیرت، صبر، استقامت اور جوانمردی کے ساتھ کیا جائے گا، پرامن آئینی و جمہوری جدوجہد ہر صورت جاری رہے گی اور کسی بھی غیر آئینی و آمرانہ اقدام کے خلاف جماعت اپنی اصولی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گی۔

