کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) وہ جماعت ہے جس نے قیامِ پاکستان میں تاریخی کردار ادا کیا قائداعظم محمد علی جناح کے ہاتھ میں جو قومی پرچم تھا آج وہی پرچم مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے تھام رکھا ہے اقلتیوں کی پارٹی میں شمولیت پاکستان مسلم لیگ (ن) کیلئے ایک اہم سنگِ میل ہے جس سے پارٹی کے دوبارہ متحد اور متحرک ہونے کا اظہار ہوتا ہے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں سابق وفاقی وزیر خلیل جارج کی قیادت میں کرسچن کمیونٹی کے زیر اہتمام منعقدہ شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جلسے میں گورنر بلوچستان کی آمد پر منتظمین اور شرکاء نے کھڑے ہو کر ان کا پورجوش استقبال کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) وہ جماعت ہے جس نے قیامِ پاکستان میں تاریخی کردار ادا کیا۔ قائداعظم محمد علی جناح کے ہاتھ میں جو قومی پرچم تھا آج وہی پرچم مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے تھام رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ قیادت نے ملک کو مشکل معاشی حالات سے نکالنے اور ڈیفالٹ کے خطرے سے بچانے کیلئے اہم اقدامات کیے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر قومی قیادت نے پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی کے ذریعے خطے میں امن اور استحکام کیلئے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے بالخصوص ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی اور مذاکرات کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا ذکر کیا۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ موثر سفارت کاری اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت کردار سے دنیا میں ملک کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی یکجہتی اور سیاسی ہم آہنگی کو مدنظر رکھتے ہوئے بلوچستان میں حکومت سازی کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کو موقع دیا گیا حالانکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پاس حکومت بنانے کیلئے مطلوبہ تعداد موجود تھی۔ یہ فیصلہ وسیع تر قومی اور صوبائی مفاد کے تناظر میں کیا گیا۔ گورنر بلوچستان نے واضح کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہر سطح پر اپنی مسیحی برادری کا خیال رکھے گی اور ان کے حقوق، مسائل اور ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہیگی۔ مسیحی برادری نے قیامِ پاکستان سے لیکر ملکی ترقی، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ قبل ازیں اراکین قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ اور اختر بی بی، رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل، سابق وفاقی وزیر خلیل جارج، یونس بلوچ، سحرگل خلجی اور محترمہ ثنائ نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔ جلسے کے اختتام پر شرکائ کی جانب سے بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا گیا، جبکہ گورنر بلوچستان نے شمولیتی جلسے کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔

