لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ نظام کو ری سیٹ کرنا ضروری ہے اور اس سے ہمارا مقصد حکومت یا کسی سیاسی جماعت کو تبدیل کرنا نہیں۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ 79سال بعد بھی مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کرپا رہے، نظام کو ری سیٹ کرنا ضروری ہے، ہم نے اپنے ملک کے نظام کو دیکھنا ہے اور ہمیں واضح ہونا چاہیے کہ نظام کو ری سیٹ کرنے کی بات کا اصل مقصد کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نظام کو ری سیٹ کرنے کی بات کی مختلف تشریحات کی گئیں، بعض لوگوں نے نظام کی ری سیٹنگ کو موجودہ حکومت سے جوڑا، بعض لوگوں نے نظام کی ری سیٹنگ کو موجودہ سیاسی بندوبست سے تعبیر کیا لیکن نظام کو ری سیٹ کرنے کی بات کسی ایک حکومت یا سیاسی جماعت کی طرف اشارہ نہیں تھی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بھی اپنے نظام کا جائزہ لینا ہوگا، ہمارا مقصد حکومت یا کسی سیاسی جماعت کو تبدیل کرنا نہیں، ہمارا مقصد نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنا ہے، 79 سال میں بہت سے منصوبے بنے لیکن عوام کو مطلوبہ نتائج نہیں مل سکے، تعلیم، صحت، صاف پانی اور صفائی بنیادی سہولیات ہر شہری کو ملنی چاہئیں، نظام میں بہتری اور بہتر ڈیلیوری سے عوام کے مسائل حل ہوں گے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ ہمیں سب کو ماننا ہوگا کہ نظام کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے، نظام کو ری سیٹ کرنے کا مقصد کسی چیز کو ختم کرنا نہیں بلکہ اسے بہتر بنانا ہے، نظام میں ری سیٹ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر کرنا ہوگا، نظام میں تبدیلی آئین کے مطابق اور سیاسی اتفاق رائے سے ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس کا فیصلہ سیاسی جماعت یا ایک شخص کی مرضی سے نہیں ہونا چاہیے، نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا فیصلہ پاکستان کی عوام کی مرضی سے ہونا چاہیے، عوام نئے انتظامی یونٹس چاہتی ہے تو انہیں ہر صورت بنایا جانا چاہیے، عوام نئے انتظامی یونٹس نہیں چاہتی تو کسی صورت یہ یونٹس نہیں بننے چاہئیں، نئے انتظامی یونٹس کےحوالے سے آئین میں عوام کو دیا گیا حق تسلیم کرنا ہوگا۔

