کوئٹہ:صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری سے بلوچستان بھر کے ڈسٹرکٹ چیئرمینوں، میئرز، میونسپل کمیٹیوں اور یونین کونسل چیئرمینوں کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور مالی سال 2026-27 کے فنڈز کے فوری اجرائ کا مطالبہ کیا۔ بلدیاتی نمائندوں نے صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ زہری کو بتایا کہ اگر ستمبر کے پہلے ہفتے تک فنڈز جاری نہ کیے گئے تو بلوچستان اسمبلی کے سامنے دھرنا دینگے اور صوبے کے تمام اضلاع میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ جھالاوان ہاوس میں صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری سے ڈسٹرکٹ چیئرمین قلعہ عبداللہ حاجی دین محمد سیگی کی قیادت میں بلدیاتی نمائندوں کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں میئر میونسپل کارپوریشن پشین اکبر ترین، مختلف اضلاع کے ڈسٹرکٹ چیئرمینوں، میونسپل کمیٹیوں کے نمائندوں اور آل بلوچستان یونین کونسل چیئرمین ایسوسی ایشن کے عہدیداران سمیت دیگر بلدیاتی نمائندے شریک تھے جبکہ ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار حاجی صلاح الدین زہری بھی اس موقع پر موجود تھے بلدیاتی نمائندوں نے صوبائی مشیر نوابزاہ امیر حمزہ خان زہری کو آگاہ کیا کہ فنڈز کے اجرائ میں تاخیر کے خلاف گزشتہ پانچ روز سے بلدیاتی اداروں میں احتجاجاً تالہ بندی جاری ہے، جس کے باعث بلدیاتی نظام اور ترقیاتی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فنڈز کی عدم فراہمی سے بلوچستان میں ترقی کا سفر رک گیا ہے اور منتخب بلدیاتی نمائندے اپنے حلقوں میں عوامی مسائل حل کرنے سے قاصر ہیں وفد نے واضح کیا کہ اگر مالی سال 2026-27 کے فنڈز کا اجراءنہ ہوا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا، جس میں بلوچستان اسمبلی کے سامنے دھرنا دینگے اور صوبے کے تمام اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اس موقع پر صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے کہا کہ وارڈز اور یونین کونسلز سے منتخب ہونے والے کونسلرز ہی حقیقی معنوں میں عوام کے نمائندے ہیں پیپلزپارٹی اور صوبائی حکومت کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں اور عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کے مسائل اور فنڈز کے اجراءکے معاملے پر وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کرکے ڈسٹرکٹ چیئرمینوں و یونین کونسل چیئرمینوں کے مطالبات ان کے سامنے رکھوں گا۔ امید ہے کہ حکومت کی جانب سے بروقت اقدامات کیے جائیں گے اور بلوچستان بھر کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو احتجاج کی نوبت نہیں آئے گی دوسری جانب چیئرمین یونین کونسل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سید ثناءاللہ آغا کی قیادت میں وفد نے بھی صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری سے الگ ملاقات کی اور انہیں یونین کونسل چیئرمینوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

