کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمارا مشرقی ہمسایہ دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔
کوئٹہ میں وزیراعظم کی زیرصدارت نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزرا نے شرکت کی۔
اپیکس کمیٹی اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں دہشتگردی کے سنگین واقعات رونما ہوئے جن کے نتیجے میں پولیس، پاک فوج کے جوان اور شہری شہید ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف کارروائیوں میں54 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیاگیا جبکہ آخری فسادی کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ مسلح افواج کے افسروں، جوانوں نے لازوال قربانیاں دیں، پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا مشرقی ہمسایہ دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے، دہشتگرد تنظیموں کو اسلحہ فراہم کیا جارہا ہے جبکہ دہشتگرد افغان سرزمین استعمال کررہے ہیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت کا یہ عزم ہے کہ ہم نے ملکر دہشتگردی کا خاتمہ کرنا ہے اور دہشتگردی کے فتنے کے مکمل خاتمے کےلیے تمام وسائل بروئےکار لائیں گے۔

