اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ پاکستان جنیوا میں ایران امریکا معاہدے کے متوقع دستخطی تقریب کا منتظر ہے۔
ایران امریکا معاہدے پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کا خیرمقدم کرتے ہیں، موجودہ پیش رفت سفارتکاری کی کامیابی ہے اور پاکستان نے پورے عمل میں تحمل اور تعمیری روابط کی حمایت جاری رکھی جب کہ امریکا اور ایران کی قیادت کے اعتماد پر اظہارِ تشکرکرتے ہیں۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 19 جون کو جنیوا میں متوقع دستخطی تقریب کا منتظرہے، پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے، مذاکراتی عمل کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور ایران کے پُرامن اور مذاکراتی طرزِ عمل کو سراہتے ہیں، اقوامِ متحدہ اور عالمی شراکت داروں کے کردار کو بھی سراہتےہیں جب کہ سعودی عرب، قطر، ترکیے اورمصر کی سفارتی کوششوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتےہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک کے لیے امن معاہدہ مثبت اور حوصلہ افزا پیش رفت ہے جس کے بعد خطے اور عالمی معیشت میں استحکام کی امید پیدا ہوئی ہے، مثبت پیش رفت خطے میں دیرپا امن اور خوشحالی کی راہ ہموار کرے گی۔

