گوادر کے علاقے کنٹانی، تھانہ سنٹسر جیوانی کی حدود میں چار پولیس کانسٹیبلوں کے مبینہ اغوا کی اطلاع سامنے آئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق اہلکار معمول کی گشت پر مامور تھے۔ دورانِ گشت انہوں نے ایک مشتبہ زمیاد گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، جس کے بعد ان سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اہلکاروں کی تلاش کے لیے فوری سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ ڈی ایس پی جیوانی کی نگرانی میں مختلف علاقوں میں تلاشی کا عمل جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بعض تصاویر اور دعوؤں کی تاحال آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ اہلکاروں سے متعلق رشوت کے الزامات کو بھی مسترد کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی گوادر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ حکام کے مطابق اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی اور واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

