وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 10 مئی کو معرکہ حق میں سکھایا ہوا سبق دشمن رہتی دنیا تک نہیں بھولے گا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ کہا ہماری ایٹمی قوت کسی جارحیت کے لیے نہیں بلکہ ہمارا دفاعی اثاثہ ہے۔ دنیا پاکستان کو ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت کے طور پر جانتی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطےمیں جنگ کے بادل منڈلا رہے تھے،اب عارضی سیزفائرہے، خطےمیں جنگ کی صورتحال کے باعث تمام ممالک متاثر ہیں، حکومت موجودہ حالات کا مقابلہ کررہی ہے۔ سب نےٹیم بن کرچیلنجز کامقابلہ کیا اور کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہداکے خون سے پاک دھرتی کی آبیاری ہورہی ہے، دہشتگردی کےخلاف پاکستانی قوم بےمثال قربانیاں دے رہی ہے، شہید لیاقت کوستارہ شجاعت سے نوازا گیا، لیاقت نےدہشتگرد کو دیکھ کر اسے روکنے کی کوشش کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں تمام جماعتوں کا کردار ہے، ملک کو ایٹمی طاقت بنانے میں نواز شریف نے کلیدی کردار ادا کیا، پاکستان کو اب ایک معاشی قوت بنانا ہے، یہ سفر بڑا لمبا اور دشوار گزار ہے مگر جو قومیں مشکلات کو عبور کرنے کا فیصلہ کرلیں انہیں ہمیشہ کامیابی ملتی ہے۔

