جمعرات, نومبر 12, 2026
ہوماہم خبریںدہشتگردی کے عفریت کے خاتمےکیلئے حکومت پُرعزم ہے، دہشتگردوں کو ان کے...

دہشتگردی کے عفریت کے خاتمےکیلئے حکومت پُرعزم ہے، دہشتگردوں کو ان کے ناپاک عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کوہاٹ کے علاقے دارہ بکاخ میں دہشتگردوں کے حملے میں ڈی ایس پی حیدر زمان سمیت خیبر پختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی، جرأت اور بہادری کی عظیم مثال قائم کی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کے امن و سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں، پوری قوم اپنے بہادر پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

وزیراعظم نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

وزیراعظم نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں 18 خوارج کی ہلاکت کو خیبر پختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور دہشتگردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا مظہر قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر اور فتنۃ الخوارج کا گٹھ جوڑ ملک میں بدامنی پھیلانے کی مذموم کوشش ہے، ایسے عناصر کو ان کے ناپاک عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا خیبر پختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکار جس جرأت اور ثابت قدمی سے فرائض انجام دے رہے ہیں وہ لائق تحسین ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے امن و استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ملک سے دہشتگردی کے عفریت کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت پُرعزم ہے۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے

error: Content is protected !!