کوئٹہ:
کوئٹہ شہر میں رات کے وقت غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث خواجہ سراؤں کے خلاف عوامی شکایات پر ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کے احکامات جاری کر دیے، جس پر ایس پی سٹی آصف غفور کی سربراہی میں پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران 11 خواجہ سرا گرفتار کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں، جن میں باچا خان چوک، قندھاری بازار، سرکلر روڈ، جناح روڈ اور ان کے اطراف شامل ہیں، رات کے اوقات میں غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث خواجہ سراؤں اور دیگر افراد کی موجودگی کے حوالے سے شہریوں اور تاجر برادری کی جانب سے مسلسل شکایات سامنے آ رہی تھیں۔
شکایت کنندگان کے مطابق مذکورہ علاقوں میں رات گئے خواجہ سرا نامناسب لباس میں سڑکوں اور عوامی مقامات پر موجود رہتے تھے۔ ان مقامات پر نشے کے عادی افراد کی آمدورفت بھی رہتی تھی، جس کے باعث رات گئے ایک نامناسب ماحول پیدا ہو جاتا تھا۔
اس صورتحال کے باعث بالخصوص خواتین، بچوں اور فیملیز کو ان شاہراہوں سے گزرنے میں دشواری پیش آتی تھی، جبکہ تاجر برادری اور علاقہ مکینوں نے بھی امن و سکون اور شہری ماحول کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
عوامی اور تاجر برادری کی شکایات پر ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی آصف غفور کو کارروائی کی ہدایات جاری کیں، جس پر ایس پی سٹی آصف غفور نے پولیس ٹیمیں تشکیل دے کر کارروائی کا آغاز کیا۔
ایس ایچ او سٹی اور ایس ایچ او سول لائن کی سربراہی میں پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران 11 خواجہ سراؤں کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ پولیس کے مطابق اس سلسلے میں مزید کارروائی اور گرفتاریوں کا بھی امکان ہے۔
ایکسپریس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے ایس پی سٹی آصف غفور نے بتایا کہ خواجہ سراؤں کا تعلق دیگر صوبوں سے ہے جو یہاں آکر فحاشی پھیلانے کا کام کرتے تھے، شہر میں نازیبا حرکتوں اور بے حیائی پھیلانے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔
دوسری جانب کوئٹہ کی تاجر برادری اور شہریوں نے پولیس کارروائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی ایسی سرگرمیوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ شہریوں، بالخصوص خواتین اور بچوں کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔

