لاہور:
خواتین کو باعزت روزگار دینے کے لیے رکشہ ڈرائیونگ تربیتی پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر خواتین کو بااختیار بنانے اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے رکشہ ڈرائیونگ ٹریننگ پروگرام کا انعقاد کیا، جس کے تحت 34 خواتین کو تربیت دی گئی۔
نجی یونیورسٹی کے تعاون سے ٹریفک پولیس نے خواتین کے لیے اس تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا، جس کے تحت ڈرائیونگ اسکول بحریہ ٹاؤن اور مناواں میں خواتین کو رکشہ چلانے کی تربیت فراہم کی گئی۔
اس اقدام کا مقصد خواتین کو ڈرائیونگ کی مہارت سکھانے کے ساتھ معاشی طور پر خودمختار بنانا اور ان کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ رکشہ ڈرائیونگ ٹریننگ پروگرام کا بنیادی مقصد خواتین کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ تربیت مکمل کرنے والی خواتین خود رکشہ چلا کر آمدنی حاصل کرسکیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام میں خواتین کو صرف ڈرائیونگ نہیں سکھائی جارہی بلکہ انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے اور خودمختار زندگی گزارنے کا موقع بھی فراہم کیا جارہا ہے۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ معاشرتی اور سماجی ترقی کے لیے مردوں کے ساتھ خواتین کا کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ خواتین کو بااختیار بنانے سے معاشرے میں واضح تبدیلی آئے گی۔ لاہور ٹریفک پولیس خواتین کی خودمختاری، باعزت روزگار اور معاشی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
واضح رہے کہ لاہور میں خواتین کو ڈرائیونگ سکھانے کے لیے کار اور اسکوٹی کے 12 اسکول قائم کیے جاچکے ہیں، جہاں اب تک 16 ہزار سے زائد خواتین کو کار اور سکوٹی چلانے کی تربیت دی گئی ہے۔ رکشہ ڈرائیونگ پروگرام اسی سلسلے کی توسیع ہے، جس کے ذریعے خواتین کو روزگار کے مزید مواقع فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

