طبی غفلت کی تحقیقات ہیلتھ کیئر کمیشن سے کرائی جائیں، بلوچ ڈاکٹرز فورم
کوئٹہ:بلوچ ڈاکٹرز فورم کے مرکزی ترجمان نے ضلع کیچ میں دورانِ علاج ایک بچی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے، تاہم انہوں نے ڈپٹی کمشنر کیچ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے بی ایم سی ہسپتال اور سینئر سرجن ڈاکٹر الطاف بلوچ کے کلینک کو سیل کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔مرکزی ترجمان نے کہا کہ کسی بھی طبی واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار میڈیکل انکوائری ضروری ہوتی ہے، لیکن انکوائری کے بغیر ہسپتال اور کلینک کو سیل کرنا ایک غیر مناسب اقدام ہے جس سے نہ صرف ڈاکٹرز میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہو رہا ہے بلکہ علاقے کے ہزاروں مریضوں کی علاج معالجے کی سہولیات بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طبی غفلت کے کسی بھی الزام کی تحقیقات متعلقہ طبی ماہرین اور مجاز اداروں کے ذریعے ہونی چاہئیں تاکہ واقعے کے اصل حقائق عوام کے سامنے آسکیں۔بیان میں کہا گیا کہ ضلعی انتظامیہ کو قانونی اور پیشہ ورانہ طریقہ کار اختیار کرنا چاہیے اور ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جن سے ڈاکٹرز کو ہراساں کرنے یا عام عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم کرنے کا تاثر پیدا ہو۔ بلوچ ڈاکٹرز فورم نے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ بی ایم سی ہسپتال اور ڈاکٹر الطاف بلوچ کے کلینک کو فوری طور پر ڈی سیل کیا جائے اور واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے تحت سینئر ڈاکٹروں پر مشتمل ایک غیر جانبدار انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے۔

