ٹیکسلا:جمعیت علما اسلام پاکستان کے مرکزی رہنما سینیٹر مولانا حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ جمعیت علما اسلام عقیدہ ختمِ نبوت کے تحفظ اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے، ختمِ نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے اور آئین پاکستان کی روح بھی امن، استحکام اور مذہبی ہم آہنگی کی عکاسی کرتی ہے، آئین پاکستان کے مطابق قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دیا گیا ہے، لہذا اس معاملے کو آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے دیکھا اور حل کیا جانا چاہیے، انہوں نے کہا کہ کسی بھی فتنے کو پروان چڑھانے یا آئینی و قانونی حدود سے تجاوز کرنے کی کوشش معاشرے میں اشتعال اور بے چینی کا باعث بن سکتی ہے، حکمران آئین و قانون سے روگردانی سے گریز کریں اور ملک کے امن و استحکام کو مقدم رکھیں، مولانا حافظ حمد اللہ نے کہا کہ عقیدہ ختمِ نبوت مسلمانوں کے ایمان کا بنیادی حصہ ہے اور جمعیت علما اسلام اس عقیدے کے تحفظ کے لیے اپنی آئینی، جمہوری اور پرامن جدوجہد جاری رکھے گی، انہوں نے شرکا پر زور دیا کہ وہ اتحاد، امن اور آئینی و قانونی جدوجہد کے ساتھ جمعیت علما اسلام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

