اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے ہم نےہر صورت لیوی ختم کرانی ہے اور ہم 20 ستمبر کو چاروں طرف سے اسلام آباد آئیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ پیٹرولیم لیوی کو عوام نے بھتا ٹیکس قرار دیا ہے، حکومت کو پیٹرولیم لیوی ختم کرنا ہوگی، حکومت کو بہت مناسب تجاویز دی ہیں، اگر شرح سود میں 3 فیصد کمی کر دیں تو 1700 ارب روپے بچا سکتے ہیں، شہباز شریف اس بات کا جواب دیں کہ شرح سود کم کیوں نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی صورت اپنے مطالبات سے دستبردار نہیں ہوں گے، ہم نے لیوی ختم کرانی ہے، 36 شہروں میں دھرنے ہو رہے ہیں، 20 ستمبر کو چاروں طرف سے اسلام آباد آئیں گے، اگر حکومت نے ٹال مٹول سے کام لیا تو ہم مذاکرات ختم کر دیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آئی پی پیز کے معاہدےسامنے آجائیں تو ساری قوم تھوتھو کرنا شروع کردے، جو مرضی حالات ہوں بجلی کے بلوں میں کیپسٹی کی رقم لگ کر آرہی ہے، اس فراڈ میں ن لیگ، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف سب شامل ہیں، یہ پارٹیاں ایسا نہیں کرسکتیں کیونکہ ان میں مافیا کےلوگ شامل ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی نے اے پی سی میں بلایا تو ضرور جائیں گے، ہم بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں جبکہ اپوزیشن کے ساتھ ہمارے رابطے ہیں۔

