باغ مالکان کو ذمہ دار ٹھہرانے والے بتائیں، 80 ارب لینے والے ذمہ دار کیوں نہیں؟ ، ہدایت الرحمان۔
کوئٹہ:جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا ہدایت الرحمان نے کہا ہے کہ ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تو وہ گرفتاری دیں گے۔ انہوں نے مہنگائی، بدامنی، بے روزگاری اور چوری ڈکیتی کے خلاف آج کوئٹہ میں احتجاجی دھرنے کا اعلان بھی کیا۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج جاری ہے، جبکہ 7 اگست کو احتجاجاً صوبے کی شاہراہیں بھی بلاک کی گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے کے باوجود حکمران اپنی عیاشیوں کے لیے جہاز خرید رہے ہیں۔ صوبے میں بارڈرز کی بندش کے باعث لاکھوں افراد بے روزگار ہو چکے ہیں جبکہ شاہراہوں پر عوام خود کو محفوظ تصور نہیں کرتے۔
مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ صوبے میں بدامنی، مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف احتجاج کیا جائے گا اور حکومت کے ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کی جائے گی۔ امن و امان قائم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے باغ کے مالک کو سیکیورٹی فورسز پر حملے کا ذمہ دار قرار دینے سے متعلق بیان پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ باغ کے مالک کو ذمہ دار قرار دینے والے یہ بھی بتائیں کہ 80 ارب روپے لینے والے اس کے ذمہ دار نہیں ہیں؟
جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی امیر نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے دھرنا مؤخر کرنے کا کہا گیا ہے، تاہم احتجاج پُرامن ہوگا اور آج کوئٹہ میں دھرنا دیا جائے گا۔

