بلوچستان کی شاہراہوں پر پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے امپائر بھی محفوظ نہیں رہے اور کورس میں شرکت کے لیے کوئٹہ سے کراچی آتے ہوئے دن دہاڑے قیمتی کار سے محروم ہوگئے۔
خضدار اور سہراب کے قریب لاکورین کے مقام پر ایک درجن سے زائد مسلح افراد نے کوئٹہ سے کراچی آنے والے پاکستان کرکٹ بورڈ کے فرسٹ کلاس امپائر اسلم برچ کو سے گاڑی چھین لی اور اب فون پر رابطہ کرکے ان سےگاڑی واپسی کے لیے بھاری رقم کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
مصدقہ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ چار دن قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے فرسٹ کلاس،گریڈ ون اور گریڈ ٹو کے امپائر اسلم برچ،خالد محمود،حمید خان،محمد رحیم اور ہدایت اللہ پی سی بی ریفریشر کورس میں شرکت کے لیے کوئٹہ سے کراچی کے لیے روانہ ہوئے۔
ذرائع کے مطابق سہراب میں ناشتہ کرنے کے بعد جب وہ لاکورین کے مقام پر پہنچے تو سڑک کے درمیان میں کھڑے 2 مسلح افراد نے انہیں گن پوائنٹ پر روک کر شناختی کارڈ اور گاڑی کے کاغذات چیک کیے۔گاڑی سے اترنے کے بعد امپائروں نے اطراف میں دیکھا تو ایک درجن سے زائد مسلح لوگ کھڑے ہوئے تھے۔
ذرائع کے مطابق گاڑی چھننے کے بعد مسلح افراد نے گاڑی کے مالک اسلم برچ کا نمبر لیا اور اب وہ مسلسل فون پر رابطے میں ہیں۔ابتدا میں 20 لاکھ روپے کی رقم مانگی گئی جو اب کم ہوکر 8 لاکھ روپے ہوگئی ہے۔گاڑی سے امپائروں کا سامان نکال کر واپس کردیا گیا تھا۔
سہراب تھانے میں ایف آئی آر درج کرانے کے بعد امپائروں نے پی سی بی سے رابطہ کیا تو انہوں نے فوراً وہ جگہ چھوڑنے کا حکم دیا۔
امپائروں نے کراچی پہنچ کر ریفریشر کورس میں شرکت کی۔کوئٹہ واپسی کے لیے پی سی بی نے پانچوں امپائروں کو جہازکے ٹکٹ دیے۔

