آزادجموں وکشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ آزادجموں و کشمیر میں انتخابی عمل کا پہلا مرحلہ آزادانہ اور شفاف طریقے سے مکمل ہوا۔
جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابات میں بھرپور حصہ لیا اور پولنگ پرامن ماحول میں منعقد ہوئی اور لوگوں نے بڑی تعداد میں حق رائے دہی استعمال کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سماہنی میں پولنگ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کوگرفتار کیا گیا، انتخابات کے دوران امن وامان کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار مثالی رہا۔
خیال رہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) نے اب تک کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج میں برتری حاصل کرلی ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کا دوسرا نمبر ہے۔
میرپورڈویژن کے 13 حلقوں کے مکمل غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق 9 حلقوں پر مسلم لیگ (ن) اور 4 حلقوں پر پیپلزپارٹی کامیاب ہوئی ہے۔

