بلوچستان حکومت نے نئے اضلاع، ڈویژنز اور تحصیلوں کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع کوئٹہ کو دو اضلاع، کوئٹہ مشرقی اور کوئٹہ مغربی میں تقسیم کر دیا گیا ہے، جبکہ قلات ڈویژن کو ختم کرکے خضدار اور لسبیلہ کے نام سے دو نئے ڈویژنز قائم کیے گئے ہیں۔
حکومت نے ضلع خضدار کو تقسیم کرتے ہوئے وڈھ کو نیا ضلع بنا دیا ہے، جبکہ ضلع شہید سکندر آباد کا نام تبدیل کرکے ضلع سوراب رکھ دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے تحت ضلع مستونگ کو قلات ڈویژن سے نکال کر کوئٹہ ڈویژن میں شامل کر دیا گیا ہے، جبکہ ضلع کچھی کو نصیر آباد ڈویژن سے نکال کر سبی ڈویژن کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔ اسی طرح زیارت اور ہرنائی اضلاع کو لورالائی ڈویژن میں شامل کر دیا گیا ہے۔
مزید برآں، ضلع ڈیرہ بگٹی کو شمالی ڈیرہ بگٹی اور جنوبی ڈیرہ بگٹی میں تقسیم کر دیا گیا ہے، جبکہ ضلع شیرانی کا ہیڈکوارٹر استا نورغہ سے منتقل کرکے مانی خواہ مقرر کیا گیا ہے۔
کوئٹہ مغربی میں بروری اور پنجپائی کو نئے سب ڈویژنز کا درجہ دیا گیا ہے، جبکہ گوادر میں اورماڑہ اور جیونی کو بھی نئے سب ڈویژنز قرار دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ برشور، مچھ، بالاناڑی، یک مچ، ناگ، کارخ اور بلنیگور کو تحصیلوں کا درجہ دیا گیا ہے، جبکہ خضدار میں زیدی، جعفرآباد میں خان پور اور صحبت پور میں جیا خان کو نئی تحصیلیں قرار دیا گیا ہے۔
سبی کے سرکاری انگریزی سجے سیوی،جبکہ مکران کے ماکوران مقرر کردیے گئے۔

